اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پی آئی ایم اے) نے 28 جولائی 2025 کو ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر ہیپاٹائٹس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے بیماری سے متعلق آگاہی مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
مہم کے دوران ملک بھر میں عام لوگوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کے لیے آگاہی سیمینار، واک، مفت سکریننگ کیمپس اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ پی آئی ایم کے زیر اہتمام گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی مفت سکریننگ اور میڈیکل چیک اپ، ہیپاٹائٹس بی کی ویکسینیشن، مفت حوالہ جات اور ضروری لیبارٹری ٹیسٹ کے ساتھ مستحق مریضوں کے لیے ماہرین سے مزید مشاورت کی پیشکش کی گئی۔
تنظیم کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کی منتقلی کی سب سے بڑی وجہ آلودہ اور دوبارہ استعمال شدہ سرنجوں اور غیر محفوظ انجیکشنز کا استعمال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائرل ہیپاٹائٹس سے متاثر ہونے والے تقریباً 90 فیصد لوگ اپنی بیماری سے لاعلم ہیں اور یہ ٹیسٹنگ اور بروقت علاج کی جانب پہلا اور ضروری قدم ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ہیپاٹائٹس اے اور ای آلودہ پانی اور غیر محفوظ خوراک سے پھیلتا ہے جب کہ ہیپاٹائٹس بی، سی اور ڈی متاثرہ سرنجوں، آلات جراحی اور غیر محفوظ خون کی منتقلی کے ذریعے پھیلتے ہیں۔ڈاکٹر عاطف نے اس بات پر زور دیا کہ ہیپاٹائٹس بی، سی، اور ڈی کی بروقت تشخیص اور علاج سے نہ صرف جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ جگر کے کینسر جیسی جان لیوا پیچیدگیوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔