لاہور۔19نومبر (اے پی پی):پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز اور اٹلی کے نیوروسرجیکل انسٹی ٹیوٹس کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت دونوں اداروں کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹروں کے باہمی تبادلے کے پروگرام ترتیب دیے جائینگے،اس مفاہمتی یادداشت پر ورلڈ فیڈریشن آف نیوروسرجیکل سوسائٹیز کے صدر پروفیسر فرانکو ساورڈی اورایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے دستخط کیے، معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے ماہرین کے درمیان تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان کے نوجوان نیوروسرجنوں کو عالمی سطح پر بہترین تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
تقریب میں پاکستان اور اٹلی کے متعدد ماہر نیوروسرجن، محققین اور اعلی حکام نے شرکت کی اور اس اہم اقدام کو دونوں ممالک کے طبی شعبے کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔ای ڈی پنز پروفیسر آصف بشیر نے معاہدہ کی دستاویزات پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نوجوان نیوروسرجنز کو دنیا بھر میں بہترین تربیتی مواقع فراہم کر رہے ہیں تاکہ ہمارے مریضوں کو جدید ترین اور موثر علاج مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان نیوروسرجری کے میدان میں تعاون مزید مضبوط ہوگا جس سے نہ صرف ہمارے ڈاکٹروں کی مہارت میں اضافہ ہوگا بلکہ مریضوں کو بھی جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئینگی۔تقریب سے ورلڈ فیڈریشن آف نیوروسرجیکل سوسائٹیز کے صدر پروفیسر فرانکو ساورڈی نے دماغی چوٹ ( ٹرومیٹک برین انجری)کے علاج پر ایک شاندار اور جدید ترین لیکچر پیش کیا۔ پروفیسر ساورڈی نے دماغی چوٹ کے صحیح اور فوری علاج کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ اس شعبے میں جدید تحقیق اور علاج کی تکنیکس دنیا بھر میں مریضوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔