پی آئی اے آپریشنز بندش سے متعلق خدشات اور خبریں بے بنیاد ہیں ،ترجمان پی آئی اے

93
ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے آپریشن کی بندش کے بارے میں پھیلائے جانے والے خدشات اور خبریں بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، پی آئی اے کے متعلق ایک مخصوص حلقے کی جانب سے پھیلایا جانے والا اضطراب اور غلط فہمی بے بنیاد ہے۔ جمعہ کو ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی بندش کی 15 ستمبر کی تاریخ دینے سے پی آئی اے کی ساکھ بہت مجروح ہوئی ، پی آئی اے انتظامیہ فنڈز کے اجرا ء میں مصروف تھی اور مطلوبہ تقاضے پورے کرکے فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتہائی ضروری ملکی اور بین الاقوامی ادائیگیاں کررہاہے ، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی کر دی گئی، پی آئی اے کا آپریشن تسلسل سے جاری ہے اور پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں ۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے مضبوط بنیادوں پر قائم دائم ہے اور درپیش حالات سے مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ، پی آئی اے کا دنیا بھر میں مضبوط نیٹ ورک موجود ہے اور پی آئی اے کا بیڑا دنیا بھر میں محو پرواز ہے ۔ پی آئی اے کے پاس بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کے لئے مناسب تعداد میں طیارے موجود ہیں جن کے ذریعے فضائی آپریشن جاری ہے۔