پی آئی اے نے اسلام آباد کے بعد اب لاہور سے بھی ملائیشیا کے لئے پروازوں کا سلسلہ بحال کردیا

55
آپریشنل وجوہات

لاہور۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے اسلام آباد کے بعد اب لاہور سے بھی ملائیشیا کے لئے پروازوں کا سلسلہ بحال کردیا ،کوویڈ کی پابندیوں کے بعد پہلی پرواز اتوار کی صبح لاہور سے کوالالمپور کے لئے روانہ ہوئی۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کی طرف سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں ایک سادہ پروقار تقریب منعقد کی گئی اور لاہور ائرپورٹ پر کیک کاٹا گیا اور مسافروں کو پھول پیش کئے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے ، وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر قومی ائر لائن اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے اور گرمیوں کی چھٹیوں کے موقع پر سیاحتی مقامات کی پروازوں میں اضافہ کیا جارہا ہے- وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لاہور سے اب براہ راست اندرون ملک و بیرون ملک سیاحتی مقامات تک رسائی فراہم کی جارہی ہے-

انہوں نے کہا کہ لاہور سے گلگت اور سکردو کی پروازین بھی آپریٹ کی جارہی ہے اور اب باکو اور کوالمپور کی پروازیں بھی لگا دی گئی ہیں، ان پرواز کا مقصد لوگوں کو اپنی قومی ائیرلائن کے ذریعے براہ راست اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنا ہے ۔