پی آئی اے نے لاہور سے سلالہ اومان کیلئے براہ راست پرواز شروع کردی

137
ترجمان پی آئی اے

اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) نے لاہور سے سلالہ اومان کیلئے براہ راست پرواز شروع کی ہے جس سے سلالہ ریجن میں بسنے والے تقریباً 50 ہزار پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔ پی آئی اے کی پہلی پرواز لاہور سے یکم دسمبر کو سلالہ پہنچی جو مسقط، اومان کے جنوب مغرب میں 11 سو کلو میٹر کے فاصلے پر وقع ہے، یہ پرواز مسافروں سے بھری ہوئی تھی اور اسے ایوی ایشن شعبے کی روایات کے مطابق سلالہ آمد پر روایتی افتتاحی سیلوٹ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اومان کے سول ایوی ایشن کے حکام اور پی آءیاے کی مشترکہ میزبانی میں ایئرپورٹ پر ایک متاثر کن تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کے نائب گورنر سالم بن اوافن اور پاکستان کیلئے نامزد سفیر نے بھی شرکت کی جو سلالہ شہر میں رہتے ہیں، انہوں نے سلالہ سے براہ راست پرواز کا خیرمقدم کیا اور اسے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اہم قرار دیا۔ پاکستانی سفیر علی جاوید نے بھی براہ راست پرواز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد دونوں ممالک کے عوام میں رابطوں اور تجارتی تعلقات کو دینا ہے، اس وقت اومان میں 2 لاکھ 61 ہزار پاکستانی رہائش پذیر ہیں۔ پی آئی اے کے علاوہ ایئر بلیو اور شاہین ایئر اومان کیلئے 26 ہفتہ وار پروازیں چلاتے ہیں جبکہ اومان ایئر کی ہفتے میں 10 پروازیں چلتی ہیں۔