پی آئی اے کا حج آپرشن 2024 اختتام پذیر

126

اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):پی آئی اے کا 9 مئی کو شروع ہونے والا حج آپریشن گزشتہ روز مکمل ہوگیا۔ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 9 مئی سے شروع ہوا اور 11جون تک جاری رہا۔بعد از حج آپریشن 20 جون سے شروع ہوا اور 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوا۔بعد از حج آپریشن میں کل 143 پروازیں آپریٹ کی گئیں جس میں جدّہ کے لئے 61 اور مدینہ کے لئے 82 پروازیں آپریٹ ہوئیں،ان پروازوں کے ذریعے سے تقریباً 34,663 حجاج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے ،ان میں 19278 سرکاری عازمین حج، 14754 پرائیویٹ عازمین حج اور 631 خدام نے حج کی سعادت حاصل کی۔

ترجمان کے مطابق حج آپریشن میں پی آئی اے کے شیڈول کی باقاعدگی شاندار رہی،حجاج کرام کیلئے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں ہوئی۔ ترجمان کے مطابق سی ای او پی آئی اے نے حج آپریشن میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا،مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلیٰ طریقے سے منظم کیا گیا۔سی ای او پی آئی اے نے پاکستان اور سعودیہ عرب میں موجود ٹیموں کی کارکردگی قابل ستائش قرار دی۔