پی آئی اے کا خلیجی ممالک کے لئے فضائی آپریشن بحال

6

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):خلیجی ممالک کے لئے پی آئی اے کا فضائی آپریشن بحالی کی طرف گامزن ہے۔منگل کو ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز کی جنگی صورتحال کے باعث پی آئی اے کا خلیجی ممالک کے لئے آپریشن متاثر ہوا تھا جو کہ اب بحال ہو رہا ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے دمام کی پرواز پی کے 245 پندرہ گھنٹے تاخیر کے ساتھ دوپہر ساڑھے 12 بجے روانہ ہوئی۔

گزشتہ روز فضائی حدود بند ہونے کے باعث ڈائیورٹ ہونے والی پرواز پی کے 743 کراچی تا مدینہ ساڑھے چودہ گھنٹے تاخیر کے ساتھ سہ پہر ایک بجے روانہ ہوئی۔لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 713 بھی سات گھنٹے تاخیر کے ساتھ سہ پہر ایک بجے روانہ ہوئی۔سیالکوٹ سے شارجہ کی پرواز پی کے 209 پندرہ گھنٹے تاخیر کے ساتھ سہ پہر ایک بجے روانہ ہوئی۔

مزید برآں ملتان سے دبئی کی پرواز پی کے 221 ،سیالکوٹ تا دوحہ پرواز پی کے 251، کراچی سے جدہ کی پرواز پی کے 761 اور اسلام اباد سے ابوظہبی کی پرواز پی کے 261 بھی سہ پہر ایک بجے منزل مقصود کی طرف روانہ ہوئی۔ان پروازوں کی روانگی سے پی آئی اے کا خلیجی ممالک کے لئے فضائی آپریشن بحال ہو گیا ہے۔ ان پروازوں کی تاخیر سے روانگی کے باعث وطن واپس آنے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوں گی۔

ترجمان کے مطابق مسافروں سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کے لئے پی آئی اے کے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے رابطے میں رہیں۔مسافروں کو ہونے والی زحمت کے لئے معذرت خواہ ہیں تاہم گزشتہ رات آپریشن محدود کرنے والا فیصلہ فضائی حفاظتی اصولوں کے تحت لیا گیا۔