پی آئی اے کا یورپ کے لئے فلائٹ آپریشن بحال ، اسلام آباد سے پیرس پہلی پرواز روانہ ، وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے مسافروں کو الوداع کیا

143

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کا یورپ کے لئے فلائٹ آپریشن بحال ہو گیا۔ جمعہ کو اسلام آباد انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے پیرس کے لئے پہلی پرواز روانہ ہو گئی،وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ محمد آصف نے یورپ کیلئے قومی ایئر لائن کے فلائٹ آپریشن کے دوبارہ آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے مسافروں کو الوداع کیا۔ وزیر برائے ہوا بازی، دفاع اور دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف نے پیرس اور یورپی یونین کے لئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے ) کے آپریشنز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ اہم سنگ میل پی آئی اے کی ایک انتہائی اہم بین الاقوامی ایوی ایشن مارکیٹ میں موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں پی آئی اے کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور پیرس اور یورپی یونین کے آپریشنز کی بحالی کی تذویراتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، سیاحت کو فروغ دینے، تجارت کو بڑھانے اور لوگوں کو قریب لانے میں براہ راست فضائی رابطے کے اہم کردار پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیرس اور دیگر یورپی مقامات کے لئے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کی بحالی حکومت پاکستان کی گزشتہ تین سالوں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر نے پی آئی اے کی یورپی ایوی ایشن مارکیٹ میں دوبارہ قدم جمانے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا اور حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ محمد آصف نے یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بتدریج قومی پرچم بردار ایئرلائن پورے یورپ میں آپریٹ کرے گی۔ انہوں نے پی آئی اے کے ماضی کے وقار کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل فلیگ کیر ئیر ہمارا فخر اور ہماری شناخت ہے۔ وزیر ہوابازی نے بتایا کہ پی آئی اے کی برطانیہ اور امریکہ کے لئے پروازیں بھی شروع ہوں گی۔یورپی یونین نےقومی ائیر لائن پر تقریباً ساڑھے چار سال سے پابندی عائد کر رکھی تھی جس کے خاتمہ کے بعد یہ پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔

اس موقع پر وزارت ہوابازی کے سینئر افسران، قومی ایئرلائن اور ایئرپورٹ حکام بھی موجود تھے ۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی تقریبا ساڑھے چار سال کے عرصے کے بعد پیرس کے لیے پہلی پرواز جمعہ کو روانہ ہوگئی۔ پی آئی اے پیرس کے لئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔ پیرس آنے اور جانے والی پہلی اور دوسری پروازوں کے لئے فلائٹ بکنگ پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے جو کہ بہت خوش آئند ہے ، پی آئی اے نے انٹرانیٹ وائرلیس انٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کے لئے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں ،مسافر اپنے موبائل فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کمپیوٹر کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ استعمال کر سکیں گے۔مسافروں کی جانب سے فلائٹ پر مثبت ردعمل اور مسرت کا بھی اظہار کیا ۔ پیرس کی پروازیں اب فرانس اور پاکستان میں پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش کو پورا کریں گی۔ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو وقت کی بچت کی سہولت کے ساتھ سستے داموں ٹکٹ فراہم کئے گئے ہیں ۔