پی آئی اے کا 21 مئی کو شروع ہونے والا حج آپریشن 2 اگست کومکمل

132
PIA

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) نے کہا ہے کہ پی آئی اے کا 21 مئی2023 کو شروع ہونے والا حج آپریشن 2 اگست2023 کی شب تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کو پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی سے شروع ہوا جو 22جون تک جاری رہا ۔ انہوں نے کہاکہ بعد از حج آپریشن 2جولائی سے شروع ہوا جسے 2 اگست کو مکمل کرلیا گیا ہے ۔

ترجمان نے کہاکہ بعد از حج آپریشن میں کل 258 پروازیں آپریٹ کی گئیں جس میں جدّہ کے لیئے 136 اور مدینہ کے لیے 122 پروازیں آپریٹ ہوئیں جبکہ حج آپریشن میں پی آئی اے کے شیڈول کی باقاعدگی شاندار رہی ۔ انہوں نے کہاکہ 96 فیصد پروازیں وقت پر یا وقت سے تھوڑا قبل روانہ ہوئیں جو کہ حج آپریشن میں شامل تمام ائیرلائنز سے بہتر تھیں۔ترجمان نے کہاکہ پی آئی اے کی حج پروازوں سے کل 61,461 حجا ج کرام مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچے ،حجاج کرام کیلئے سٹی چیک ان کا بندوبست بھی کیا گیا تھا جس سے ان کو کئی گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی زحمت نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ سی ای او پی ائی اے نے حج آپریشن میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ،مشکل حالات کے باوجود حج آپریشن اعلی طریقے سے منظم کیا گیا جس کے لئے پاکستان اور سعودیہ عرب میں موجود ٹیمیں قابل ستائش ہیں ۔