اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کے ترجمان نے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے بعض شعبوں میں برطانوی عدالت کی طرف سے برطرف ملازمین کے کیس میں پی آئی اے کو 10 ملین پائونڈ ہرجانہ ادائیگی کے حکم سے متعلق خبر کو غلط قرار دیا ہے۔
جمعہ کو ترجمان پی آئی اے نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بعض سوشل میڈیا چینلز پر برطانوی عدالت کی طرف سے پی آئی اے کو 10 لاکھ پائونڈ جرمانہ ادائیگی سے متعلق خبر زیر گردش ہے، جو سراسر غلط ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ 2021 میں نکالے گئے 7 ملازمین کی جانب سے پی آئی اے کے خلاف ایک دعوی دائر کیا گیا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ مقدمے کی سماعت 14 اکتوبر سے جاری ہے اور یہ مقدمہ فیصلہ کی سطح تک نہیں پہنچا تاہم دونوں فریقین کے وکلاء کورٹ سے باہر معاملے کے تصفیے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ امید ہے فریقین کے مابین معاملہ کورٹ سے باہر طے پا جائے گا جو دونوں کے حق میں ہوگا، پی آئی اے انتظامیہ اس سلسلے میں آگاہی جاری کرتی رہے گی ۔