اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کے بورڈ آف ڈائریکٹرنے ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے کیڈر وائز تبدیلی کی اصولی منظوری دے دی۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ منظوری پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دی گئی ہے۔ یہ اجلاس چیئرمین پی آئی اے اسلم آر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔
ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں آخری اضافہ 4 سال قبل کیا گیا تھا جس کے بعد مہنگائی کی شرح نے ملازمین کے حالات کشیدہ کر دیئے، تنخواہوں میں اضافے سے کم ہوتے ہوئے تجربہ کار افراد کو ادارے میں روکنے میں مدد ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی کل تعداد 7 ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے جس میں تیزی سے کمی آ رہی ہے ۔