پی آئی اے کے حج آپریشن کا آغاز ، پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے صبح 4:50 پر مدینہ منورہ روانہ

109
PIA

کراچی۔21مئی (اے پی پی):پی آئی اے نے حج آپریشن کا آغاز کردیا ، پہلی حج پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے علی الصبح 4:50 منٹ پر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہو گئی ۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر علی الصبح مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایویشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 15۔9 بجے مدینہ منورہ روانہ ہوگی،حج آپریشن کے لئے پی آئی اے اپنے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے- ترجمان کے مطابق رواں برس پی آئی اے 320 خصوصی حج اورشیڈول پروازوں کے ذریعے 65ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی – قبل از حج آپریشن 22جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل ہوگا-

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے آپریٹ ہوں گی۔ سی ای او پی آئی اے نے تمام ڈیپارٹمنٹس اور پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں – ترجمان سول ایوی ایشن محمد سیف اللہ کے مطابق کراچی سے پہلی حج پرواز کے بعد لاہور سے سیرین ایئر لائن کی پرواز ER2921 صبح 05 بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے ارض مقدس کے لیے روانہ ہوئی جس پر کل 279 حجاج روانہ ہوئے۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کے اعزازی کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شبیر احمد عثمانی نے شرکت کی۔اقرار احمد ڈائریکٹر حج اور ایئرپورٹ مینیجر نذیر احمد خان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔فیصل آباد سے پہلی حج پرواز صبح 09:20 منٹ پر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئی ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے حجاج کرام کو الوداع کیا۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق پی کے1341 پر کل عازمین حج کی تعداد 149 تھی۔