پی آر اے نے 200ارب روپےسے زائد کی ٹیکس وصولی کر کے صوبہ کی تمام ریونیو اتھارٹیز پر سبقت حاصل کر لی،ترجمان

154
پی آر اے

لاہور۔ 23 جولائی (اے پی پی):پنجاب ریونیو اتھارٹی نے شاندار کارکردگی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ایک سال میں 200ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولی کر کے اہم سنگ میل عبور کیا اور صوبہ کی تمام ریونیو اتھارٹیز پر سبقت حاصل کی ہے۔

ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ” اے پی پی” کو بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کو پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے 190 ارب روپے کا بنیادی ہدف دیا گیا جو بعد میں بڑھا کر 195 ارب اور پھر 197 ارب روپے کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مقررہ ہدف 197 ارب کی بجائے 200.4 ارب روپے وصول کرکے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے ، صرف مئی اور جون میں 42ارب 30 کروڑ روپے ٹیکس ریونیو جمع کیا جو گزشتہ سال کے اسی دورانئے کے مقابلے میں 33فیصد زائد ہے جبکہ جون سے جولائی کے اعداد و شمار کے مطابق 197ارب روپے سے زائد ٹیکس وصولیاں کی گئیں جبکہ گزشتہ سال اسی دورانئے میں ٹیکس کی مد میں 170 ارب 50 کروڑ روپے وصول ہوئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال پی آر اے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے ان پٹ ٹیکس کی مد میں 15ارب روپے وصول ہوئے تھے جو اس سال نہیں ملے مگر اس کے باوجود پی آر اے نے ٹیکس ہدف کامیابی سے عبور کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے پی آر اے ٹیکس ہدف کو کامیابی سے عبور کرتا چلا آ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال میں خدمات کی شعبہ کی مجموعی شرح نمو 0.86فیصد ہونے کے باوجود پی آر اے نے ٹیکس وصولیوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس محکمہ کو قائم ہوئے صرف 10 سال ہوئے ہیں اور اس قلیل عرصہ میں اس ادارے نے نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ نئے مالی سال میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کو 240 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف ملا ہے جسے پورا کرنے کیلئے ہائوسنگ سوسائٹیز،پراپرٹی ڈویلپمنٹ، ڈویلپرز اور ہائی رائز بلڈنگز کو فوکس کیا جارہا ہے، ان شعبوں پر خصوصی توجہ دینے سے ٹیکس وصولی کی شرح میں خاطرخواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق ایل ڈی اے کے پاس 1400سوسائٹیز رجسٹرڈ ہیں ان سے بھی مناسب ریونیو اکٹھا ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ سروسز فراہم کرنے والی 69 کمپنیاں ہمارے ٹیکس نیٹ میں ہیں جن میں پروڈکشنز ہائوسز، فیشن ڈیزائننگ ، فٹنس کلبز ،ٹیلی کام،بینکنگ،انشورنس،ہوٹلز،ایڈورٹائزمنٹ،فرنچائز سروسز اور سکیورٹی کمپنیز وغیرہ شامل ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کیلئے رواں سال اس شعبے پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا صرف مخصوص پورشن پر 5فیصد ٹیکس ہے جبکہ باقی ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹلز میں انوائس پر 16فیصد جبکہ کریڈٹ کارڈز پر ادائیگی کی صورت میں 5 فیصد سروسز ٹیکس وصول کیا جاتاہے جس سے پی ار اے کو یہ فائدہ ہوا ہے کہ ٹیکس چوری کی بجائے تمام ٹرانزیکشن بینکنگ چینل پر آ گئی ہیں ،

اکانومی ڈاکومنٹیشن کے باوجود اگر کوئی فراڈ کرتا ہے تو اسے 5 لاکھ جرمانہ اور کاروبار سر بمہر کر دیا جاتا ہے۔ شکایات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی بہترین سروسز کی بنیاد پر اس میں شکایات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ادارے کی سٹرکچرنگ کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کا صدر دفتر لاہور میں ہے جبکہ 8ڈویژنز میں کمشنریٹ آفس ہیں، ایک دفتر سیالکوٹ میں ہے جبکہ مری ، گجرات ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں چار نئے ڈسٹرکٹ آفس بنائے جا رہے ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آر اے کو ایک ہزار ارب روپے ٹیکس وصولی والا ادارہ بنانا ہمارا مشن ہے اور اس سلسلے میں ہماری پلاننگ جاری ہے امید ہے کہ ہم اس ٹارگٹ کو بہتر حکمت عملی کے ذریعے مستقبل قریب میں جلد پورا کر لیں گے۔