اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کیلئے پروازوں کے آغاز کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، پروازوں کی بحالی کے اعلان کے بعد پہلی پرواز 10 جنوری 2025 کو اسلام آباد سے پیرس روانہ ہو گی۔
پی آئی اے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈویژن کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جن کو بتدریج بڑھایا جائے گا۔ پروازیں جمعہ اور اتوار کے دن آپریٹ ہوں گی، پروازوں کا شیڈول مسافروں کی سہولت کے پیش نظر انتہائی پرکشش بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد سے پرواز صبح ساڑھے 11 بجے روانہ ہوگی اور سہ پہر 4 بجے پیرس پہنچے گی جبکہ پیرس سے پرواز شام 6 بجے روانہ ہوگی اور صبح 5 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔ شیڈول کی سہولت ایسی ہے کہ مسافر ناشتہ پاکستان میں اور دوپہر کا کھانا پیرس میں کھائیں گے ۔