پی آئی اے کا بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان

43
آپریشنل وجوہات

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے قومی پروازوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کے بعد بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے، خلیج ممالک اور متحدہ عرب امارات کے روٹس پر 15 فیصد، سعودی عرب کیلئے 10 فیصد اور کینیڈا کیلئے کرایوں میں 8 فیصد کمی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے اس ضمن میں بدھ کو ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزارت ہوا بازی نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کی مقامی پروازوں کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا، اب چند روز بعد وزارت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کیا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پی آئی اے کی مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں بھی کمی کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام کے تحت خلیج ممالک اور متحدہ عرب امارات کے روٹس پر پی آئی اے کے کرایوں میں 15 فیصد کی نمایاں کمی کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے روٹس پر پی آئی اے کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ کینیڈا کیلئے پروازوں پر 8 فیصد کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مسافروں کو پہنچایا جائے اور اس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے کہا کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کی ہدایت پر پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اطلاق فی الفور ہو گا۔