پی ایس او،شیل اور ٹوٹل سمیت مختلف کمپنیوں کے پٹرول پمپس( کل) جمعرات کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے،ترجمان پیٹرولیم ڈویژن

120
Ministry of Petroleum
Ministry of Petroleum

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ایس او،شیل اور ٹوٹل سمیت مختلف کمپنیوں کے پٹرول پمپس(کل) جمعرات کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے ۔ عوام پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے حوالے سے فکر مند نہ ہوں۔

بدھ کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ تیل کے شعبے کی مختلف تنظیموں نے وزارت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی ۔

ترجمان نے کہا کہ وزارت توانائی ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کے لئے ایک سمری پہلے ہی اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوا چکی ہے،وزارت توانائی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کے لئے کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کی طرف سے منظوری کے بعد دس دن میں فیصلے کا امکان ہے۔