پی ایس ایل ایٹ، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کرتیسری کامیابی حاصل کر لی

228

راولپنڈی۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایٹ کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کرتیسری کامیابی حاصل کر لی، کراچی کنگز کو پانچویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ،محمدعامر کی عمدہ بائولنگ بھی کراچی کے کام نہ آ سکی، انہوں نے چار اوورز میں 24رنز کے عوض 4وکٹیں لی تھیں، روومان پاویل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 17ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو محمدعامر نے پہلے ہی اوور میں محمدحارث اور کپتان بابراعظم کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلائیں،دونوں بیٹرز بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، محمدعامر نے اپنے دوسرے اوور میں صائم ایوب کو آئوٹ کر کے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی، صائم ایک رن بنا سکے، 2رنز پر 3وکٹیں گنوانے کے بعد ٹام کوہلراور حسیب اللہ نے عمدہ بیٹنگ کی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 82رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، یہاں پر حسیب اللہ 29گیندوں پر 50رنز بنا کر تبریز شمسی کی گیند پرکیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد روومان پاویل نے کیڈمور کا ساتھ دیا،

دونوں بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 85قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 169تک پہنچا دیا، پاویل 64رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعدمحمدعامر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد ٹام کوہلر نے عامرجمال کے ساتھ 28رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ 197رنز تک پہنچا دیا، کوہلر 56اور جمال 13رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، محمدعامر نے چار اور تبریز شمسی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کراچی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 173رنز بنا سکی، میتھیوویڈ کی 53اور کپتان عماد وسیم کی 57رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، ایڈم روزنگٹن 15، طیب طاہر 6، عرفان خان 4، شعیب ملک 1، بین کٹنگ 15، عامر یامین آٹھ اور تبریز شمسی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، عامر جمال اور عظمت اللہ عمرزئی نے تین، تین اور مجیب الرحمان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔