دبئی ۔ 16 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 126 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا، شعیب ملک 31 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، شاہد آفریدی نے مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلائی، لیوک رونکی کی دھواں دار ففٹی رائیگاں گئی، علی شفیق کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہفتہ کو دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل فور کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز کے قائد شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے باﺅلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے، رونکی کے سوا اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، رونکی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سلطانز کے باﺅلرز کی خوب دھنائی کی، انہوں نے 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے، فہیم اشرف اور سامٹ پٹیل 20، 20 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، رضوان حسین 4، ڈیلپورٹ صفر، حسین طلعت 7، شاداب خان 15 اور آصف علی 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، علی شفیق، شاہد آفریدی اور جنید خان نے 2، 2 اور محمد عرفان نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 18.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، سلطانز کی اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 3 کے سکور پر اسے جانسن کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، شان مسعود نے لاری ایونز کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 40 کے سکور پر مسعود 26 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہو گئے، اگلے اوور میں شاداب خان نے ایونز کو آﺅٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نے 15 رنز بنائے، 75 کے سکور پر سلطانز کی چوتھی وکٹ گری جب حماد اعظم 14 رنز بنانے کے بعد شاداب کی گیند کا نشانہ بنے، 101 کے سکور پر آندرے رسل 16 رنز بنانے کے بعد محمد سمیع کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس موقع پر کپتان شعیب ملک اور شاہد خان آفریدی نے چھٹی وکٹ میں 25 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، شعیب ملک 31 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، آفریدی نے مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح دلائی اور 16 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، شاداب خان نے 2، وقاص مقصود اور محمد سمیع نے ایک، ایک وکٹ لی۔