پی ایس ایل فور فائنلسٹ ٹیموں کا گورنرہاﺅ س میں استقبالیہ

104
ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کو ملتوی کردیا گیا
ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کو ملتوی کردیا گیا

کراچی۔ 16 مارچ (اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی دعوت پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019ءکے فائنل میں پہنچنے والی پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر آفیشلز نے گورنر ہاوس میں دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی موجود تھے۔ گورنر ہاﺅس سے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عمران اسماعیل نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو گورنر ہاﺅس آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے کامیاب انعقاد پر پی سی بی مبارکباد کی مستحق ہے، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کل بہترین فائنل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو کامیاب بنانے پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کا مشکور ہوں، وزیراعظم کا عزم ہے کہ اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں ہی منعقد کئے جائیں، ہم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہیں، ٹورنامنٹ میں شائقین کو کئی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، سب ٹیمیں ہماری ہیں جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہ ہی فائنل جیتے گی۔ بعد ازاں گورنر سندھ اور صدر مملکت نے دونوں ٹیمز کے پلیئرز کو سندھ کی ثقافتی اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ اس موقع پر مصباح الحق نے کہا کہ ہم بہترین فائنل میچ کی امید کررہے ہیں، پی ایس ایل ٹرافی ہم ہی جیتیں گے، بین الاقوامی کھلاڑیوں کا شکرگزار ہوں کہ وہ پاکستان آئے اور امید کرتاہوں کہ آئندہ بھی پاکستان آئیں گے۔ ویون رچرڈز نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، آنے والے سالوں میں بھی پاکستان آﺅں گا، امید کرتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے میدان میں مزید ترقی کرے اور امید کرتا ہوں کہ کل کا پی ایس ایل فائنل مقابلہ سنسنی خیز ہو گا۔ تقریب میں نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے واقعہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔