اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) پاکستان میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کیلئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم پنک ربن کے سی ای او عمر آفتاب نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فور کی انتظامیہ نے پی ایس ایل کے دو میچوں کو پنک ربن کے نام سے منسوب کرے گی۔ بدھ کو اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ پی ایس ایل انتظامیہ مذکورہ دونوں میچوں میں وکٹس کا رنگ بھی تبدیل کرکے گلابی رکھیں گے اور ہم پی ایس ایل انتظامیہ کے اس اقدام پر مشکور ہیں جو انہوں نے ہمارے ساتھ اس کار نیک میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے حوالے سے ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف آگاہی تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری تنظیم مختلف رفاحی اداروں اور ماہرین صحت کے ساتھ ملکر اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات اٹھاتی ہے اور اس دوران خواتین کو مرض کی حساسیت اور اس سے بچاﺅ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتی ہے کیونکہ یہ مرض ابتدائی تشخیص پر قابل علاج ہے اس لئے ہچکچاہٹ کی بجائے خواتین کو فوری طور پر اس مرض کا علاج کرانا چاہئے جس سے شرح اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق رواں سال پوری دنیا میں 1.2 ملین افراد میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، گزشتہ سال چھاتی کے کینسر کے نتیجے میں 40 ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی گئیں۔ عمر آفتاب نے کہا کہ پنک ربن چھاتی کے کینسر سے آگاہی کی شناختی علامت بن چکا ہے، جس کا مقصد خواتین کو اس بیماری سے متعلق مکمل آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنا ہے، اگر کینسر کی شروع میں تشخیص ہو جائے تو مریض کو ممکنہ حد تک بچایا جا سکتا ہے۔سی ای او پنک ربن نے کہا کہ اس ضمن میں 2004ء میں ویمن امپاورمنٹ نے پہلا قدم اٹھایا اور ملک بھر میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے پنک ربن مہم کا آغاز کیا، رواں سال 5 لاکھ خواتین کو پورے ملک میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جاچکی ہے۔