لاہور۔ 6 مارچ (اے پی پی)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے لاہور سے کراچی منتقل ہونے والے میچزکے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 9 اور 14 مارچ کو شیڈول مقابلوں کے میچزکے ٹکٹ فروخت کیلئے نجی کوریئر سروس کی منتخب برانچوں پر دستیاب ہیں۔11 مارچ کو لاہور قلندرز اور ملتان سلطانزکے مابین ہونے والے میچ کے ٹکٹس فروخت کیلئے پیش نہیں کئے جائیں گے جن شائقین کے پاس اسی روز شیڈول کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے میچ کا ٹکٹ ہوگا وہ اسی پردوسرے میچ سے بھی لطف اندوز ہوسکیں گے۔کراچی میں شیڈول کوالیفائرمیچزکے ٹکٹیں بھی شائقین کو دستیاب ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے آخری 8 میچوں میں سے3 میچ لاہور اور 5 میچ کراچی میں ہونے تھے لیکن ناگزیر وجوہات کی بناءپر پی سی بی نے لاہور کے تینوں میچز بھی کراچی منتقل کردیئے تھے اور اسطرح کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے 8میچوں کا انعقاد ہوگا ۔کراچی میں میچ کی منتقلی کے بعد پاکستان سپر لیگ کے ازسرنو ترتیب دیئے گئے شیڈول کے مطابق 9 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ، 10 مارچ کو کراچی کنگز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،11 مارچ کو لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز اورکراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی ، 13مارچ کو پہلے اور دوسرے نمبر کی ٹیموں کے درمیان کوالیفائر، 14 مارچ کو تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیموں کے درمیان ایلمنیٹر ون، 15مارچ کو ایلمنیٹر ٹو اور 17 مارچ کو ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلا جائیگا ۔