کراچی۔9نومبر (اے پی پی):بھارتی ٹینس سٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کراچی پہنچ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا پاکستان سپرلیگ 2020 ءپلے آف میچز میں شعیب ملک کی حوصلہ افزائی کے لئے پاکستان آئی ہیں۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور آل راونڈر شعیب ملک پی ایس ایل 2020ءمیں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں۔ شعیب ملک گزشتہ ماہ قومی ٹی ٹونٹی کپ کے دوران ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 10ہزار رنز بنانے کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ واضح رہے کورونا وائرس کے سبب 17مارچ کوپی ایس ایل 2020ءکو معطل کردیاگیا تھا جسے 8 ماہ بعد دوبارہ شروع کیا جارہاہے۔ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میچز اور فائنل کراچی میں14، 15 اور17نومبرکو ہوں گے جس کے لئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔