راولپنڈی۔4مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں (کل) اتوار کو واحد میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، میچ شام سات بجے شروع ہو گا ۔ پی سی بی کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں (کل) اتوار کو لیگ کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ۔ اسلام آباد کی ٹیم مایہ ناز آل رائونڈر شاداب خان کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، اس ٹیم میں کولن منرو ، ایلیکس ہیلز ، حسن علی ، رسی وان ڈر ڈوسن ، اعظم خان اور ٹام کرن جیسے بہترین کھلاڑی موجود ہیں ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سرفراز احمد لیڈ کر رہے ہیں اور انہیں محمد حفیظ ، مارٹن گپٹل ، افتخار احمد ، نسیم شاہ ، محمد نواز جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 پوائنٹس کے ساتھ سب سے آخر میں ہے ۔