پی ایس ایل نائن،وانڈرڈوسن پانچ میچوں میں 270 رنز بناکر بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان

117
PSL Nine
PSL Nine

کراچی۔ 26 فروری (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں رنز بنانے کی دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور،راولپنڈی اور ملتان میں پی ایس ایل کے ابتک کھیلے گئے 12 میچوں کی سکور شیٹ کے مطابق رنز بنانے کی دوڑ میں غیر ملکی کرکٹرز سب سے آگے ہیں۔ لاہورقلندرز کے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے ٹاپ آرڈر رائٹ ہینڈ بیٹسمین وانڈر ڈوسن 5 میچوں میں 270 رنز بناکر بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

انہوں نے159.76 سٹرائیک ریٹ اور 90 کی اوسط سے 11چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے مذکورہ سکور بنایا ہے جس میں وہ 2 مرتبہ ناٹ آئوٹ بھی رہے ہیں۔ انہوں نے پشاورزلمی کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 12ویں میچ میں 50 گیندوں پر پی ایس ایل سیزن 9 کی پہلی سنچری بھی بنائی اور 104 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے جس میں6 چھکے اور 7 چوکے میں شامل تھے۔

ان کی 5 اننگز میں 2 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ملتان سلطانز کے آر آر ہینڈرکس ہیں جنہوں نے 5 میچوں میں8 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے 246 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔