پی ایس ایل نائن، کراچی کنگز کالاہورقلندرزکے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ

46
PSL Nine
PSL Nine

کراچی۔ 09 مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل نائن میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے لاہورقلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی کنگز نے سکواڈ میں 2تبدیلیاں کی ہیں، محمد نواز کی جگہ عرفات منہاس اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ انجری کی وجہ سے میر حمزہ کی جگہ انور علی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

کراچی کنگز میں جیمز ونس، ٹم سیفرٹ(وکٹ کیپر)، شان مسعود(کپتان)، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، عرفان خان نیازی، انور علی، عرفات منہاس، حسن علی، زاہد محمود اور بلیسنگ مزاربانی کو شامل کیاگیا ہے۔لاہور قلندرزمیں فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللہ شفیق، شائی ہوپ(وکٹ کیپر)، سکندر رضا، احسن حفیظ بھٹی، ڈیوڈ ویز، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، زمان خان اور طیب عباس شامل ہیں۔

میچ میں پاکستان کے راشد ریاض اور انگلینڈ کے رچرڈ ایلنگ ورتھ امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹی وی امپائرفیصل آفریدی،ریزرو امپائرعمران جاوید اورمیچ ریفری علی نقوی ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر کنگز نے 8 میچ کھیل کر6 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور وہ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ قلندرز نے 8 میچ کھیل کر 3پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور وہ چھٹی پوزیشن پر ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میںکراچی کنگز اور لاہورقلندرز کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ میچوں میں سے کنگز نے چار اور قلندرز نے ایک مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔کنگز نے 24 فروری2024 کو کھیلے گئے میچ میں 2 وکٹوں،12مارچ 2023 کو کھیلے گئے میچ میں 86رنز،19 فروری2023 کو کھیلے گئے میچ میں67 رنز اور18 فروری2022 کوکھیلے گئے میچ میں22 رنز سے کامیاب حاصل کی تھی جبکہ قلندرز نے 30 جنوری2022 میں کھیلے گئے میچ میں 4 گیندوں قبل6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔