راولپنڈی۔4مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 29 رنز سے شکست دے دی ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ، شاداب خان نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی ، عامر جمال نے 87 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ، شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار دیا گیا ،
پیر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 20ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے ، کپتان شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 51 گیندوں پر 80 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے ، دیگر بیٹرز میں آغا سلمان 37 ، اعظم خان 29 ، جورڈن کوکس 26 اور کولن منرو 15 رنز بنا کر نمایاں رہے ،
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے دو جبکہ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، پشاور زلمی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے ، پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور اس کی پہلی 5 وکٹیں 18 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں ، کپتان بابر اعظم صفر ، صائم ایوب ایک ، محمد حارث ایک ، ٹام کوہلر کیڈمور 12 اور رومن پائول بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ، اس موقع پر عامر جمال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پال والٹر کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 125 تک پہنچا دیا ،
پال والٹر چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 33 رنز بنا کر شاداب خان کا نشانہ بنے ، عامر جمال نے 49 گیندوں پر 6 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ، لیوک ووڈ 2 اور محمد ذیشان صفر پر آؤٹ ہوئے ، اسلام یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان نے تین جبکہ رومان ریئس اور حنین شاہ نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، شاداب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ، اس فتح کے بعد اسلام یونائیٹڈ کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے ۔