اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):پی ایس ایل 2020ءکے پلے آف میچز کے لئے وائن پارنیل کو مچل میگ لیشن کی جگہ کراچی کنگز سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ پشاور زلمی نے صہیب مقصود کو ڈیرن سیمی کی جگہ پلے آف میچز کے لئے ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔پی ایس ایل کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ میں آئسولیشن کی پابندیوں کی وجہ سے مچل میگ لیشن ٹیم کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ ڈیرن سیمی سفری مشکلات کی وجہ سے نہیں آسکے جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ ون ڈے سکواڈ میں شامل ہونے والے لیام لیونگ سٹون کی جگہ پشاور زلمی نے حال ہی میں ثاقب محمود کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ اس سے قبل جوے ڈینلے اور برینڈن ٹیلر دونوں محمد اللہ اور جیمز وینز کی عدم دستیابی کی وجہ سے ملتان سلطان سکواڈ کا حصہ بنے ہیں‘ محمد اللہ اور جیمز وینز دونوں کا پی ایس ایل کے لئے روانگی سے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔ فاف ڈوپلیسیز‘ روتھرفورڈ‘ تمیم اقبال اور ایڈم لیتھ کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے مختلف وجوہات کی بناءپر اپنے سکواڈ سے باہر ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل پلے آف میچز کے لئے شامل کیا گیا ہے ۔ یاد رہے پی ایس ایل 5 مارچ 2020ءمیں مکمل ہونی تھی مگر عالمی وباءکورونا کی وجہ سے پلے آف مرحلے کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ ستمبر میں پی سی بی نے بقیہ میچوں کے شیڈول کا اعلان کیا۔ پہلے لاہور نے پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کی میزبانی کرنی تھی جنہیں دھند کے باعث نیشنل سٹیڈیم کراچی منتقل کردیا گیا ۔