پی ایس ایل 7،کراچی کنگز ہوم گرائونڈ پر پانچ میچوں میں کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی

52
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 ،لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین فائنل(کل) قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا

کراچی۔7فروری (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں جیت کی منتظر کراچی کنگز ہوم گرائونڈ پر کھیلے گئے پانچ میچوں میں سے کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے پہلے مرحلے میں کراچی کنگز نے پانچ میچ کھیلے جس میں اسے کسی بھی میچ میں کامیابی نہیں ملی۔

۔ریکارڈز کے مطابق کنگز نے اپنا پہلا اور لیگ کا اوپننگ میچ 27 جنوری کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلا جس میں اسے 7 وکٹوں کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 6.2 کی اوسط سے 5 وکٹوں کے نقصان پرصرف 124 رنز اسکور کئے۔

کنگز نے اپنادوسرا میچ 29 جنوری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلا جس میں اسے 8 وکٹوں سے شکست ہوئی۔اس میچ میں ان کی بیٹنگ مکمل طور پر فلاپ ہوگئی اورپوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سے صرف 17.3 اوورز میں ہی ڈھیر ہوگئی۔

انہوں نے صرف 6.45 کی اوسط سے محض 113 رنز بنائے۔ 30 جنوری کو لاہورقلندرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس میچ میں انہوں نے 20 اوورز میں8.5 کی اوسط سے 7 وکٹوں کے نقصان 170 رنز سکور کئے۔

کنگز نے اپناچوتھا میچ 4 فروری کو پشاورزلمی کے خلاف کھیلا جس میں اسے 9 رنز سے شکست ہوئی۔انہوں نے 8.2 کی اوسط سے 164 رنز بنائے اور ان کے 6 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔کراچی کنگز نے پانچواں میچ 6 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلا جس میں اسے 42 رنز سے شکست ہوئی اور انہوں نے 6.75 کی اوسط سے 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 135 رنز اسکور کئے۔

کنگز کے سب سے زیادہ کامیاب بیٹر آئی سی سی ایوارڈ یافتہ اور تینوں فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک میچ میں 90 رنز ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی ۔ انہوں نے پانچ میچوں میں 118.29 سٹرائک ریٹ کے ساتھ 48.50 کی اوسط سے 194 رنز بنائے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر شرجیل خان نے136.78 اسٹرائک ریٹ کے ساتھ 23.80 کی اوسط سے 119 رنز اسکور کئے ہیں۔

باقی تمام بیٹرز پانچ میچوں میں سو رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے ایک ایک نصف سنچری سکور کی ہے۔شرجیل خان نے 6 چھکے اور 14 چوکے،عامریامین نے 4 چھکے اور 2 چوکے،محمد نبی نے 2 چھکے اور 8 چوکے اور بابراعظم نے ایک چھکا اور 23 چوکے لگائے ہیں۔

کنگز کی جانب سے مجموعی طور پر 16 چھکے اور 53 چوکے لگائے گئے ہیں۔کنگز کی رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی84 رنزکی پارٹنرشپ شرجیل خان اور بابراعظم کے درمیان قائم ہوئی۔

کنگز کی بالنگ لائن بھی کوئی متاثر کن نہیں رہی اور ان کے بالر عمید آصف نے چار میچوں 17.33 کی اوسط سے 104 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ محمد نبی نے پانچ میچوں میں 26.75 کی اوسط سے 107 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ہے۔لیوس گریگوری نے پانچ میچوں میں 105 رنز دئیے ہیں اوروہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

کرکٹ مبصرین کے مطابق کراچی کنگزکی تاحال ناکامی کی وجوہات میں سے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کنگز کی مینجمنٹ ایک اچھی ٹیم پک نہیں کرسکی ۔