راولپنڈی۔11مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے ہرا کر پلے آف کی دوڑ باہر کر دیا، فاتح ٹیم نے عثمان خان کی تیز ترین سنچری کی بدولت پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا 262 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، عثمان خان نے 36 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 120 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی ، محمد رضوان 55 اور ٹم ڈیوڈ 43 بنا کردیگر نمایاں بیٹررہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایک بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، عمیر یوسف نے 67 اور افتخار احمد نے 53 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، ملتان کے عباس آفریدی نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، عثمان خان کو مرد میدان قرار دیا گیا،
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی یہ 10 میچ کھیل کر چھٹی فتح ہے جبکہ گلیڈی ایٹرز نے 10 میچ کھیل کر 3 میں کامیابیاں حاصل کیں اور 7 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست کے بعد پشاور زلمی نے پلے آف کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائم مقام کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، عثمان خان اور محمد رضوان نے 10 اوورز میں 157 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ،
عثمان خان نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندون پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنائی، انہوں نے مجموعی طور پر 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز کی لاجواب اننگز کھیلی، محمد رضوان نے 29 گیندوں پر 55 ، ٹم ڈیوڈ نے 25 گیندوں پر 43 اور کیرن پولارڈ نے 14 گیندوں پر 23 رنز بنائے، اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کے قیس احمد پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین بائولر ثابت ہوئے ،
انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، عمیر یوسف نے 36 گیندوں پر 3 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 67 جبکہ افتخار احمد نے 31 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے، مارٹن گپٹل 37 ، عمر اکمل 28 ، محمد نواز 16 ، جیسن رائے 6 اور محمد حفیظ ایک رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے، ملتان کے عباس آفریدی سب سے کامیاب بائولر رہے
انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، ملتان سلطانز کی یہ 10 میچ کھیل کر چھٹی فتح ہے اور وہ 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 10 میں سے 3 میچ جیتے اور 7 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس طرح وہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔