پی ایس ایل 8،ملتان سلطان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر مسلسل فتوحات کی ہیٹرک کرلی

184
پی ایس ایل 8،ملتان سلطان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر مسلسل فتوحات کی ہیٹرک کرلی

ملتان۔19فروری (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 8 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی،ملتان سلطان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کرمسلسل فتوحات کی ہیٹرک کرلی ہے۔عباس آفریدی کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئےمیچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 190 رنزبنائےاوراسلام آباد یونائیٹد کو 191 رنز کا ہدف دیا۔ملتان سلطانز کے شان مسعود نے 3،رائیلی روسو 36،ڈیوڈ ملر52،محمد رضوان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جبکہ کیرون پولارڈ 32 اورخوشدل تین سکور بناکر ناٹ آوٹ رہے۔

ملتان سلطانز کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کےرومان رئیس،وسیم جونیئر،شاداب خان اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹد کی جانب سے پال اسٹرلنگ اورحسن نواز میدان میں اترے،دوسرے اوور میں 9 سکور کے مجموعی سکور پرپال اسٹرلنگ کی صورت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ گری، 32 رنز پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ گری،حسن نواز21 رنزبنا کر آوٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کو تیسری کامیابی 88 رنز پرملی جب کولن منرو کو اسامہ میر نے آوٹ کیا،90 رنز پرشاداب خان بھی آؤٹ ہوگئے۔112 رنز پراعظم خان عباس آفریدی کی بال پر بولڈ ہوئے،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 138 پر ڈھیرہو گئی۔ملتان سلطانز کے عباس آفریدی 4 جبکہ احسان اللہ،اسامہ میراور محمد الیاس 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل8 میں ملتان سلطانز 4 میچز کھیل چکی ہےجن میں سے اسے پہلے میچ میں لاہور قلندرز سے شکست ہوئی اور اس کے بعد تینوں میچوں میں مسلسل فتوحات حاصل ہوئی ہے۔جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پی ایس ایل 8 میں دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں میں ہی ہار سے دوچار ہوئی،اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے میچ میں کراچی کنگز سے شکست ہوئی اور دوسرے میچ میں ملتان سلطان سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔