پی ایس ایل 8 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

181
پی ایس ایل 8 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

راولپنڈی۔6مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز 4 وکٹوں سے شکست دے دی ، فاتح ٹیم نے 165 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، 63 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گر جانے کے بعد مارٹن گپٹل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 56 گیندوں پر 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی، انہیں مرد میدان قراردیا گیا، کراچی کے ایڈم روسنگٹن کی 69 رنز کی اننگز رائیگاں گئی،

واضح رہے کہ گلیڈی ایٹرز کی یہ ٹورنامنٹ میں 8 میچ کھیل کر دوسری فتح ہے، پیرکو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 22 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، انگلش بیٹر روسنگٹن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 45 گیندوں پر 69 رنز بنائے، دیگر بیٹرز میں کپتان عماد وسیم 30 اور عامر یامین 23 رنز بنا کر نمایاں رہے،

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 19.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، 63 کے مجموعی سکور پر 5 وکٹیں گر جانے کے بعد کیوی جارح مزاج بیٹر مارٹن گپٹل نے اپنا روایتی کھیل پیش کیا اور 56 گیندوں پر 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کوئٹہ کو فتح دلا دی، ان کی اننگز میں 4 فلک شگاف چھکے اور 9 چوکے شامل تھے، سرفراز احمد 29 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، تبریز شمسی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔