کراچی۔21فروری (اے پی پی):کپتان شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ ویزے کی عمدہ بولنگ اور سکندررضا کی آلرائونڈ کارکردگی کی بدولت دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 8 کے دسویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز کی واضح شکست سے دوچار کیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تماشائیوں کی معمولی تعداد میں199 رنز کے وننگ ٹارگیٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان ؛پر 135 رنز بناسکی۔لیگ میں سرفراز کی ٹیم کی چار میچوں میں یہ تیسری شکست تھی۔
اسٹار فاسٹ بولرشاہین شاہ نے انتہائی شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنے چار اوورز میں 22 رنز دیکر3جبکہ تجربہ کار میڈیم پیسر ڈیوڈ ویزے نے 23 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیردیا۔ شاہین شاہ آفریدی کو پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔شاہین شاہ اورویزے کے علاوہ سکندررضا نے برق رفتار ناقابل شکست 32 رنز کی اننگز کھیلی اور محمدنواز کو آئوٹ کرکے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن رائے نے 48 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جس میں 30 گیندوں پر 5 چھکیاور ایک چوکا شامل تھا۔محمد حفیظ 24 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔سرفرازاحمد16 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔قلندرز کے راشد خان جو اپنی ٹیم کی جانب سے پہلا میچ کھیل رہے تھے، نے 17 رنز دیر ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل لاہورقلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔شائی ہوپ 32 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ سکندررضا 32 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔
اوپنرفخر زمان اور مرزا طاہر بیگ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 گیندوں پر49 رنز بنائے تاہم اس موقع پر فخرزمان 14 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بناکر اوڈین اسمتھ کی گیند پر وکٹ کیپر سرفرازاحمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔جس کے بعد مرزابیگ بھی 5.2 اوورز میں 15 گیندوں پر 4 چوکے اور2 چھکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ محمد نواز کی گیند پرمارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔کامران غلام اور وکٹ کیپر شائی ہوپ کے مابین تیسری وکٹ کے لئے 37 گیندوں پر 56 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن 11.2 اوورز میں کامران غلام 17 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے21 رنز بناکر قیس احمد کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔
شائی ہوپ نے 32 گیندوں پر 5 چوکے اور ایک چھکا لگایا، وہ 47 رنز بناکر اوڈین اسمتھ کی گیند پر افتخاراحمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔حسین طلعت26اور ڈیوڈ ویز ایک رنز بناسکے۔سکندر رضا نے 16 گیندوں پر ایک چوکے اور2 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 32 رنز بنائے جبکہ راشدخان 10 گیندوں پر 11 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قیس احمد نے 36 اور اوڈین اسمتھ نے 41 رنز دیکر دو دو وکٹیں حاصل کیں ، محمد حسنین اور محمدنوازنے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔