پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی کامیابی حاصل کر لی

106
پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی کامیابی حاصل کر لی

راولپنڈی۔7مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی کامیابی حاصل کر لی، ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 205 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، شان مسعود نے 75 اور ٹم ڈیوڈ نے 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف فہیم اشرف کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، فہیم اشرف نے آخری اوور میں 18 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ناقابل توقع فتح دلا دی،

انہوں نے 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگزکھیلی اور مرد میدان قرار پائے، شاداب خان 44 اور کولن منرو40 رنز بنا کر نمایاں رہے، منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ملتان سلطانز نے شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے، شان مسعود نے 50 گیندوں پر 75 رنز بنائے جس میں 12 چوکے شامل تھے،

ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 27 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے، کپتان محمد رضوان نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور محمد وسیم نے دو، دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، یونائیٹڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے 18 رنز درکار تھے،

فہیم اشرف نے دھواں دار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ایک گیند قبل ہی اپنی ٹیم کو فتح دلا دی، انہوں نے 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 51 رنز بنائے، کپتان شاداب خان نے 25 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 44 جبکہ کیوی بیٹر کولن منرو نے 21 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے، ملتان سلطانز کی طرف سے انور علی نے تین جبکہ احسان اللہ اور اسامہ میر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، واضح رہے کہ یہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی 8 میچ کھیل کر چھٹی کامیابی ہے اور وہ پہلے ہی پلے آف کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے۔