پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائی کر لیا

208
HBL PSL
HBL PSL

راولپنڈی۔10مارچ (اے پی پی):پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا، ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف 243 رنز رلی روسو کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت 19.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جنوبی افریقن بیٹر نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنائی اور کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی، انہوں نے 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا،

کیرون پولارڈ نے 25 گیندوں پر 52 رنز جڑے، روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، سلطانز نے 10 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی ، جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 27 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، صائم ایوب اور بابر اعظم نے شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ میں 134 رنز کی شراکت قائم کی، بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 73 اور صائم ایوب نے 33 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، دیگر بیٹرز میں ٹام کوہلر کیڈمور 38 اور محمد حارث 35 رنز بناکر نمایاں رہے، یوں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، سلطانز کے عباس آفریدی سب سے کامیاب بائولر رہے،

انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، انور علی پی ایس ایل تاریخ کی دوسری مہنگی ترین بائولنگ کی اور 4 اوورز میں 66 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف رلی روسی کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت 19.1 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، رلی روس نے پی ایس ایل تاریخ کے بڑے ہدف کے تعاقب میں غیر معمولی بیٹنگ کی اور گرائونڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے، انہوں نے 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنا کر ملتان کو ناقابل توقع کامیابی دلا دی، انہوں نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری کا اپنا ہی ریکارڈ توڑا اور41 گیندوں پر تھری فگر حاصل کئے،

یہ ان کے ٹی 20 کیریئر کی بہترین اننگز بھی ہے، کیرون پولارڈ نے بھی برق رفتار بیٹنگ کی اور 25 گیندوں پر 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، آخر میں انور علی نے 8 گیندوں پر 24 رنز جڑے، عظمت اللہ عمر زئی نے 4 اوورز میں 62 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، اس جیت کے بعد ملتان سلطانز نے 10 پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ پشاور زلمی کو پلے آف مرحلے تک رسائی کے لئے اپنے آخری لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔