کراچی۔20فروری (اے پی پی):پشاورزلمی نے پی ایس ایل8 کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر لیگ میں دوسری فتح حاصل کر لی، جیمی نیشام کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں پشاورزلمی نے 155 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
داسن شاناکا16 اور وہاب ریاض 10 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ جیت کی بنیاد ڈالنے میں وومین پاول اور جمی نیشام نے اہم کردار ادا کیا،دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 30 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔پاول نے23 گیندوں پر36 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور2 چھکے شامل تھے جبکہ نیشام نے 23 گیندوں پر 37 رنز بنائے جس میں 4 چوکے اور 2 بلندوبالا چھکے شامل تھے۔پشاور زلمی کے اوپنر محمد حارث18 ، کپتان بابراعظم19 ، صائم ایوب صفر اور ٹام کولر کیڈمور9رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔67 رنز پر پشاورزلمی کے4 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے ۔
گلیڈی ایٹرز کے حسنین کی 3وکٹوں کے علاوہ نسیم شاہ نے 19، قیص احمد نے 41 اور محمد نواز نے 38 رنز دیکر ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 37 رنز پر آئوٹ ہوگئے تھے ، جیسن رائے 14، مارٹن گپٹل12 اورمحمد نواز 2 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس موقع پر سرفراز احمد اور محمد افتخار کے مابین 50 گیندوں پر 74 رنز کی شراکت نے گلیڈی ایٹرز کا اسکور 154 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔سرفراز 30 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بناکر ارشداقبال کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
پانچویں وکٹ کی شراکت میں محمد افتخار اور اوڈین اسمتھ نے ناقابل شکست 43 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ محمد افتخار نے 34 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 50 رنزبنائے جبکہ اوڈین اسمتھ نے 12 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔پشاورزلمی کے عثمان قادر نے 4 اوورز میں 26 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں۔