کراچی ۔ 22 فروری (اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 608.73 پوائنٹس کے اضافے سے 43528.51 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 1 کھرب 14 ارب 94 کروڑ 9 لاکھ 58 ہزار 858 روپے کا اضافہ ہوگیا جبکہ تجارتی حجم میں بھی 56 کروڑ 67 لاکھ 93 ہزار 300 روپے کی تیزی رونماءہوئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 25 لاکھ 81 ہزار 500 حصص کا اضافہ دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 43000، 43100، 43200، 43300، 43400 اور 43500 پوائنٹس کی چھ بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 608.73 پوائنٹس کے اضافے سے 43528.51 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 409.97 پوائنٹس کی تیزی سے 21819.12 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 396.48 پوائنٹس کا اضافہ رونماءہوا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 1430.72 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔