کراچی ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 137.66 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 41123.97 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 23 ارب 85 کروڑ 25 لاکھ 6 ہزار 757 روپے کا اضافہ ہوا تاہم تجارتی حجم میں 27 کروڑ 5 لاکھ 61 ہزار 763 روپے کی کمی رونماءہوئی، اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 85 لاکھ 29 ہزار 390 حصص کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس میں زبردست تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 41000 اور 41100 پوائنٹس کی دو بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 137.66 پوائنٹس کے اضافے سے تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 41123.97 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ گذشتہ کاروباری روز پیر کو بھی کے ایس ای 100 انڈیکس 444.50 پوائنٹس کے اضافے سے 40986.31 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔