23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںپی ایس ڈی پی، ایوی ایشن ڈویژن کیلئے 2484.871 ملین روپے مختص

پی ایس ڈی پی، ایوی ایشن ڈویژن کیلئے 2484.871 ملین روپے مختص

- Advertisement -

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 23-2022 کے سالانہ بجٹ کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ایوی ایشن ڈویژن کے 10 جاری اور 5 نئے منصوبوں اور سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 2484.871 ملین روپے مختص کئے ہیں۔

جمعہ کو حکومت کی طرف سے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے جاری اعدادوشمار کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کے 10 جاری منصوبوں کیلئے 2303.871 ملین روپے مختص کئے ہیں جن میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کیمپ کی تعمیر، سکردو ہوائی اڈے پر اے ایس ایف اہلکاروں کیلئے بیرک اور میس کی سہولیات، خواتین اہلکاروں کیلئے ریسٹ روم، ایم ٹی سٹور وغیرہ کی تعمیر، فیصل آباد ہوائی اڈے پر دو منزلہ بیرکوں کی تعمیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر کسانہ ڈیم کی تعمیر، ملتان میں موسمیاتی نگرانی کیلئے ریڈار سسٹم کی تنصیب، سکھر میں ریڈار سسٹم کی تنصیب،

- Advertisement -

نیو گوادر ایئرپورٹ کا جاری منصوبہ اور کراچی میں اے ایس ایف اکیڈمی کی اپ گریڈیشن کے دو منصوبے شامل ہیں۔ حکومت نے ایوی ایشن ڈویژن کے 5 نئے منصوبوں کیلئے 181 ملین روپے مختص کئے ہیں۔ نئے منصوبوں میں تربت ہوائی اڈے پر اے ایس ایف اکاموڈیشن کی تعمیر کے منصوبے کیلئے 61 ملین روپے رکھے گئے ہیں جس کیلئے لاگت کا تخمینہ 153.325 ملین روپے لگایا گیا ہے۔

ایئربس 320 اور بوئنگ 737 طیاروں کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت کیلئے بنوں ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کیلئے 100 ملین روپے رکھے گئے ہیں جبکہ پنجگور ہوائی اڈے پر کوارٹر گارڈ کی تعمیر، مانسہرہ ہوائی اڈے کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری اور بالاکوٹ میں آپریشنل سٹاف کیلئے ہاسٹل، ناران میں موسمیاتی نگرانی کے نظام کی تنصیب کے منصوبے شامل ہیں۔ ایوی ایشن ڈویژن کے جاری منصوبوں میں سے سب سے زیادہ رقم 2000 ملین روپے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلئے مختص کی گئی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=311652

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں