اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ 26-2025 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے تحت آبی وسائل ڈویژن کے 42 جاری منصوبوں کےلئے مجموعی طور پر133424.433 ملین روپے مختص کئے ہیں ۔ منگل کو جاری پی ایس ڈی پی کے اعدادوشمارکے مطابق آبی وسائل ڈویژن کے جاری منصوبوں عطاآباد جھیل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے54 میگاواٹ کے حامل منصوبہ کےلئے 500ملین روپے ، چترال ہائیڈل پاورسٹیشن کی استعدادکار میں اضافے کے منصوبے کےلئے 200ملین روپے، درگئی ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی کے منصوبے کےلئے 500 ملین روپے ، داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے منصوبے کےلئے 20000ملین روپے ،وارسک ہائیڈرل الیکٹر ک پاور سٹیشن کے دوسرے منصوبے کی بحالی کےلئے 845ملین روپے ، پنجگور ڈیم کی تعمیرکےمنصوبے کےلئے 1200ملین روپے ، دیامربھاشا ڈیم ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کے منصوبے کےلئے 25010ملین روپے ، مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبے کےلئے 35723.932ملین روپے ، قلعہ عبداللہ میں 200 چھوٹے ڈیموں کی تعمیرکے منصوبے کےلئے 500ملین روپے سمیت وزارت کے مختلف منصوبوں کےلئے مجموعی طور پر133424.433 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں ۔