اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):نئے مالی سال 23-2022 میں وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی ) کے تحت خزانہ ڈویژن کے 6 جاری اوردونئے منصوبوں کیلئے مجموعی طورپر1659.99 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پی ایس ڈی پی 23-2022 کے مطابق 6 جاری منصوبوں کیلئے 1449.99 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز ہے جس میں 227.70 ملین روپے کی غیرملکی امدادشامل ہے۔
جی ایٹ ون میں فیڈرل آڈٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 171.64 ملین رروپے، اسلام آباد کے جی ٹین فورسیکٹرمیں مسابقتی کمیشن کے دفتر کی تعمیرکیلئے 23.60 ملین روپے، وزارت خزانہ میں مالیاتی انکلوژن انفراسٹرکچرمنصوبہ کیلئے 227.0 ملین روپے، آڈٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم منصوبہ کیلئے 370.24 ملین روپے، وفاقی حکومت میں پی ایف ایم پالیسی فریم ورک کے نفاذکیلئے 156.80 ملین روپے اورپاکستان منٹ فیزٹوکیلئے 500 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔
پی ایس ڈی پی کے مطابق خزانہ ڈویژن کے دومنصوبوں کیلئے مجموعی طورپر210 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویزدی گئی ہے، ان منصوبوں میں پاکستان آڈٹ اینڈاکائونٹس اکیڈمی کیلئے 200 ملین روپے اورنیشنل سیونگز کمپلیکس اسلام آباد کے پی سی ٹو کی فزیبلٹی سٹدی کیلئے 10 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
آزادجموں وکشمیر وگلگت بلتستان کے خصوصی علاقوں کیلئے 52644.74 ملین روپے اورخیبرپختونخواکے ضم شدہ اضلاع کیلئے 50200 ملین روپے اورصوبائی منصوبہ جات کیلئے 33010 ملین روپے مختص کرنے کی تجاویزدی گئی ہے۔