اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات کے مختلف منصوبوں کے لئے آئندہ مالی سال 2025-26 کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں مجموعی طور پر 6026.977 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزارت اطلاعات کے جاری منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 5295.382 ملین اور نئی سکیموں کے لئے 731.595 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
منگل کو جاری پی ایس ڈی پی 2025-26 دستاویز کے مطابق وزارت اطلاعات کی جاری سکیموں میں سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ (اسلام آباد) کیلئے 367.293 ملین روپے، نیشنل انفارمیشن میڈیا آرکائیول ریپوزیٹری (این آئی ایم اے آر) کے لئے 800 ملین روپے، نیشنل کمیونیکیشن اینڈ سٹریٹجی یونٹ کے قیام کے لئے 107.405 ملین روپے، سٹیزن کولیبوریشن فیسلی ٹیشن سینٹر (سی سی ایف سی) کے لئے 250 ملین روپے، پی ٹی وی سی کی ری ویمپنگ کے لئے 1489.920 ملین روپے، پرتشدد انتہا پسندی پر قابو پانے کے لئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میڈیا سیل کے قیام کے لئے 91.623 ملین روپے، خضدار میں 300 کلو واٹ کے ٹرانسمیٹر کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن کے لئے 1390 ملین روپے، کوئٹہ میں 100 کلو واٹ کے ٹرانسمیٹر کی اپ گریڈیشن اور تبدیلی کے لئے 799.141 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اسی طرح وزارت اطلاعات کی نئی سکیموں میں گلگت اور سکردو میں ریڈیو سٹیشنز کے 50 کلو واٹ کے ٹرانسمیٹرز کی تبدیلی، اپ گریڈیشن اور بحالی کے لئے 133 ملین روپے اور صوت القرآن ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک فیز فور (پشاور -کراچی موٹر وے) منصوبے کے لئے 598.595 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔