گلگت۔16مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہےکہ پی ایس ڈی پی منصوبوں کی معیار اور رفتار یقینی بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، شاہراہ نگر منصوبے کی متعلقہ فورمز سے جلد منظوری کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے حالیہ ملاقات میں بات ہوئی ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس اہم منصوبے کی منظوری میں تاخیر نہیں ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہراہ نگر کے زیر تعمیر منصوبے کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر نگر کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کیلئے (لینڈ ایکوزیشن) زمین کے حصول کے عمل کو تیز کریں، محکمہ برقیات اس منصوبے کے زد میں آنے والے بجلی کے پولز متبادل مقام پر منتقل کریں۔
انہوں نے کہاکہ صوبے میں میگا منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے بارود کی عدم دستیابی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے محکمہ داخلہ کے ماتحت چیف انسپکٹریٹ ایکسپلوزیو کے دفتر کو فعال کیا جائے گا تاکہ ترقیاتی عمل متاثر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے شاہراہ نگر پر جاری کام کی بروقت تکمیل کیلئے متعلقہ محکموں کے مابین رابطہ کاری کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر نگر کی سربراہی میں کوآرڈینشن کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دیئے۔ کمیٹی نگر سے منتخب نمائندہ گلگت بلتستان اسمبلی، این ایل سی، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور عمائدین نگر پر مشتمل ہوگی۔اس موقع پر صوبائی سیکریٹری منصوبہ بندی و تعمیرات، این ایل اسی کے متعلقہ آفیسران اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے شاہراہ نگر پر جاری کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597882