پی ایس ڈی پی میں آبی وسائل ،بنیادی ڈھانچہ ، ٹیکنالوجی، نوجوانوں اور بلوچستان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، احسن اقبال

50

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہاہے کہ نئے مالی سال میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں آبی وسائل کی ترقی ، بنیادی ڈھانچہ میں بہتری ، ٹیکنالوجی، نوجوانوں اور بلوچستان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے سالانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ اور صوبائی و وفاقی وزارتوں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی چئیرمین منصوبہ بندی کمیشن و وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے 2017 میں 1000 ارب روپے کا پی ایس ڈی پی کا بجٹ چھوڑا جو بدقسمتی سے 500 ارب تک رہ گیا۔ انہوں نے کہاکہ نئے مالی سال کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے ضمن میں 2000 ارب روپے مالیت کے جاری منصوبوں کی سفارشات پیش ہوئیں جبکہ بجٹ کا حجم 700 ارب ہے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار سالوں میں ایسے منصوبوں کو بھی پی ایس ڈی پی کا حصہ بنا دیا گیا جو وفاق کے دائرہ کار میں نہیں تھے۔انہوں نے کہاکہ نئے مالی سال میں سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں آبی وسائل کی ترقی ، بنیادی ڈھانچہ میں بہتری ، ٹیکنالوجی، نوجوانوں اور بلوچستان پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔