پی ایس ڈی پی کے تحت ریونیوڈویژن کے 12 جاری ،4 نئے منصوبوں کیلئے 3200 ملین روپے مختص

71
PSDP

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):حکومت نے نئے مالی سال24-2023 میں سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ریونیوڈویژن 12 جاری اور4 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طورپر3200 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی ہے جس میں 300 ملین روپے کی غیرملکی امدادبھی شامل ہے۔

پی ایس ڈی پی دستاویزات کے مطابق جاری منصوبوں میں ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد میں ایڈیشنل آفس بلاک کی تعمیر کیلئے 84.65 ملین روپے، آرٹی اورساہیوال میں اضافی بلاک کی تعمیر کیلئے 282 ملین روپے، کسٹمز کمپلیکس سوست آفس کے منصوبوں کیلئے 250 ملین روپے، ماڈل کسٹمز کلکٹوریٹ گوادرکی تعمیر کیلئے 212.24 ملین روپے، انٹلی جنس اینڈانویسٹی گیشن آفس کراچی کی تعمیر کیلئے 125 ملین روپے،

ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کی تعمیر کیلئے 124.63 ملین روپے، ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا کی تعمیرکیلئے 300ملین روپے، ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے اینٹگریٹڈٹرانزٹ ٹریڈمنیجمنٹ سسٹم کیلئے 415.62 ملین روپے، بلوچستان میں مختلف کسٹمز چیک پوسٹس کی تعمیر کیلئے 432.71 ملین روپے، غلام خان میں دفاتر اورٹرانزٹ اکاموڈیشن کے منصوبہ کیلئے 50 ملین روپے،

پاکستان ریزیز ریونیوپروگرام کیلئے 200 ملین روپے اورراماک ڈی آئی خان میں کسٹمز ہائوس چیک پوسٹ کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 42.12 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق ریونیوڈویژن کے 4 نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طورپر 680.52 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز دی گئی ،نئے منصوبوں میں گوادر میں زونل آفس اینڈ ٹرانزٹ اکاموڈیشن کے منصوبہ کیئے 50 ملین روپے،

طورخم کسٹمز سٹیشن میں ٹرانزٹ اکاموڈیشن کے منصوبہ کیلئے 77.22 ملین روپے، ریجنل ٹیکس آفس کیلئے اراضی کی خریداری کے منصوبہ کیلئے 140.27 ملین روپے اورگجرات میں ریجنل ٹیکس آفس کیلئے اراضی کی خریداری کے منصوبہ کیلئے 413.032 ملین روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجاویز دی گئی ہے۔