پی ایس ڈی پی کے تحت وزارت قومی صحت، خدمات کے 22 جاری منصوبوں کے لئے 14 ارب 34 کروڑ 35 لاکھ روپے مختص

10
Budget2025-26

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):آئندہ مالی سال کے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت قومی صحت، خدمات کے 22 جاری منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 14 ارب 34 کروڑ 35 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ منگل کو جاری پی ایس ڈی پی کے مطابق آئی ڈی ایس آر ایس منصوبہ کیلئے 2 ارب روپے، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں چار بی ایچ یو کی تعمیر کے منصوبوں کیلئے 36 کروڑ 47 لاکھ روپے، بڈھانہ کلاں میں چلڈرن ہیلتھ سنٹر کے قیام کے منصوبہ کیلئے 10 کروڑ 82 لاکھ روپے، بری امام میں چلڈرن ہیلتھ سنٹر کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 13 کروڑ 71 لاکھ روپے، جی الیون تھری میں جناح ہسپتال کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے 20 کروڑ روپے، گولڑہ شاہاں میں ایم این سی ایچ سی کے قیام کے منصوبہ کیلئے 6 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار روپے، آبادی کے حوالہ سے سالانہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کے منصوبہ کیلئے 10 کروڑ روپے، ترلائی میں کنگ سلمان بن عبدالعزیز ہسپتال کی تعمیر کے منصوبہ کیلئے ایک کروڑ روپے، پاکستان میں داخلے کے پوائنٹس کو مضبوط کرنے اور ڈائریکٹوریٹ آف سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ منصوبہ کیلئے 29 کروڑ 52 لاکھ 70 ہزار روپے، اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کی تعمیر کیلئے ایک ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے، ٹی بی، ایچ آئی وی اور ملیریا کے حوالہ سے مشترکہ مینجمنٹ یونٹ کے منصوبہ کیلئے 20 کروڑ روپے، وفاقی علاقوں میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے منصوبہ کیلئے 50 کروڑ روپے، ڈرگ کنٹرول سیکشن ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد سے متعلق منصوبہ کیلئے 26 کروڑ 44 لاکھ 20 ہزار روپے، اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کیلئے آلات کی خریداری سے متعلق منصوبہ کیلئے 90 کروڑ روپے، پمز میں سٹروکس انٹروینشن اور ایکسپنشن آف کریٹیکل کیئر منصوبہ کیلئے 90 کروڑ روپے، عالمگیر وبائوں کے تناظر میں رابطہ کاری اور ہیلتھ ورک فورس کی ترقی کے منصوبہ کیلئے 20 کروڑ روپے، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک ہسپتال میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کیلئے 48 کروڑ روپے، انفیکشس ڈیزیز لیبارٹری کے قیام کے منصوبہ کیلئے 10 کروڑ روپے، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے حوالہ سے وزیراعظم کے منصوبہ کیلئے ایک ارب روپے، ذیابیطس کے تدارک اور اس پر قابو پانے کے حوالہ سے وزیراعظم کے منصوبہ کیلئے 80 کروڑ روپے، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سنٹر اسلام آباد کے منصوبہ کیلئے 4 ارب روپے اور شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور میں ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کے منصوبہ کیلئے 2 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔