اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کے مختلتف ترقیاتی منصوبوں کے لئے اب تک 226.230 ملین روپے جاری کئے جبکہ رواں مالی سال 2018-19ءکے بجٹ میں وزارت کے لئے مجموعی طور پر 1143.73 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق ملک میںزرعی شعبہ کی ترقی خصوصاً دیہی علاقوں میں زراعت کی بہتری اور ملک کے مختلف حصوں میں ایرڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ(اے آرآئی) کی ایگریڈٰیشن کے لئے 254.743 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی کے تحت ملک کے موزوں علاقوں میں زمینوں کی کاشت کے فروغ کے لئے 60 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ اس شعبہ کے لئے 300 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جانوروں کی منہ اور کُھر کی بیماریوں کی روک تھام کے لئے 20 ملین روپے جاری کئے گئے ہیں جبکہ اس منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 100 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔