اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت آئندہ مالی سال 2025-26 کے دوران پاور ڈویژن کے47 جاری منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 90,225.783 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔
جن میں 72,106.914 ملین روپے کی غیر ملکی معاونت شامل ہے۔منگل کو جاری پی ایس ڈی پی کے اعدادو شمار کے مطابق سپیشل اکنامک زون رشکئی کو بجلی کی فراہمی کے لئے 314.580 ملین روپے ، کاسا-1000 کے تحت تاجکستان اور پاکستان کے درمیان 500 کے وی کے HVDC ٹرانسمیشن منصوبہ کے لئے غیر ملکی معاونت سے 3000 ملین روپے، جامشورو میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے لئے 4250 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں
جن میں 1575ملین روپے غیر ملکی معاونت شامل ہے۔اسلام آباد ویسٹ گرڈسٹیشن کے لئے غیر ملکی معاونت سے 5000 ملین روپے ، تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے سے بجلی کے حصول کے لئے غیر ملکی معاونت کے ذریعے 840 ملین روپے ، جھمپیرمیں غیر ملکی معاونت سے ہوا سے بجلی کے حصول کے لئے 800ملین روپے ، سیالکوٹ سب سٹیشن کے لئے غیر ملکی معاونت سے 2500 ملین روپے ،
وہاڑی سب سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لئے غیر ملکی معاونت سے 2000 ملین روپے ،بجلی کی ترسیل کے استعدادکو بہتر بنانے کے پروجیکٹ کے لئے غیر ملکی معاونت سے 3150 ملین روپے، مہمند ڈیم سے 816 میگا واٹ بجلی کے حصول کے لئے غیر ملکی معاونت سے 2000 ملین روپے سمیت 47مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔