اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) حکومت نے آئندہ مالی سال 2019-20ءکے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ہاﺅسنگ وتعمیرات ڈویژن کے 43 جاری اور تین نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 2 ارب 93 کروڑ 77 ہزار روپے مختص کئے ہیں۔ پی ایس ڈی پی میں ہاﺅسنگ اوتعمیرات ڈویژن کے تین نئے منصوبوں کیلئے 8 کروڑ 69 لاکھ 83 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں ان تین نئے منصوبوں میں نیب حیات آباد پشاور جیل سیل کے قیام سمیت پولیس بیرکس اور پولیس سٹیشن کی تعمیر ،نیب کوئٹہ عمارت کیلئے آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب ، فیڈرل لاجز نمبر III,II,I کوئٹہ میں ٹیوب ویل کی تنصیب کے منصوبے شامل ہیں۔ حکومت نے ہاﺅسنگ
وتعمیرات ڈویژن کے 34 جاری سکیموں کیلئے 2 ارب 84 کروڑ 30 لاکھ 94 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔ان جاری منصوبوں میں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دریائے راوی پر پل کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے،شاہراہ دستور اسلام آباد میں نئے سیکرٹریٹ بلاکس کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ روپے، نیب ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں دفتر کی تعمیر کیلئے10 کروڑ روپے،،مندرہ چکوال روڈ (64 کلو میٹر) کو دو رویہ کرنے اور بہتر بنانے کے منصوبے کیلئے 20 کروڑ روپے، سوہاوہ چکوال روڈ( 66.405 کلو میٹر) کو دو رویہ کرنے اور اسے بہتر بنانے کیلئے50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ دیگر جاری منصوبوں میں مختلف واٹر سپلائی سکیمیں،مختلف سڑکوں کی تعمیر و بحالی اورپولیس لائنز اوربیرکوںکی تعمیر کے علاوہ متعدد سکیمیں شامل ہیں۔