پی ایف سی ارومکی میں ”چائنہ یوریشیا ایکسپو“ میں شرکت کرے گی، میاں کاشف اشفاق‎‎

54
Mian Kashif Ashfaq

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف س)چین کے شہر ارومکی می منعقد ہونے والی ”چائنہ یوریشیا ایکسپو“ میں شرکت کرے گی جو 25 سے 30 اگست تک منعقد ہوگی۔ ایکسپو میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے علاوہ نئی عالمی منڈیوں کی تلاش میں بھی مدد ملے گی۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے اتوار کو احمد وقار چوہدری کی قیادت میں برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ روزہ ایکسپو میں پاکستانی مصنوعات اور متعلقہ سروسز کی عالمی معیار کی رینج نمائش کیلئے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ یہ ایکسپو بنیادی طور پر مختلف انواع کی درآمدی و برآمدی تجارت کا پلیٹ فارم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف سی اور چن ون دونوں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندگان کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کریں گے تاکہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے اپنی مصنوعات کے معیار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کا امکان ہے جس سے جوائنٹ وینچرز اور پراجیکٹ پارٹنرشپس شروع کرنے کے علاوہ مارکیٹ کی صلاحیت کے تعین اور مسابقت کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ میاں کاشف نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ تمام بڑے ممالک میں سنگل کنٹری ایکسپو منعقد کرنے کا سلسلہ شروع کرے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی موثر اور نتیجہ خیز مارکیٹنگ کی جا سکے اور وہ اپنے بہترین معیار کی بنا پر دنیا بھر میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایکسپو پاکستان کی برآمدات کے حجم کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں نئے مشترکہ منصوبے اور نئی شراکتداریاں تلاش کرنے میں معاون ہوں گی۔