لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پی ایف سی کا وفد 19 فروری سے شروع ہونے والی 5 روزہ گلف ایکسپو دبئی میں شرکت کرے گا تا کہ دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے نئی منڈیاں تلاش کی جا سکیں۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دورے کا بنیادی مقصد تجارتی تعلقات کو وسعت دینا، مشترکہ تعاون کا فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع کی نشاندہی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وفد متحدہ عرب امارات میں اہم اسٹیک ہولڈرز، حکومتی عہدیداروں اور کاروباری رہنمائوں کے ساتھ بات چیت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیرپا شراکت داری کے امکانات کے بارے میں پرجوش ہیں جس سے نہ صرف فرنیچر کی صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
ہمیں یقین ہے کہ اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر ہم باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کر سکتے ہیں جو دونوں ممالک کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مہارتوں کے اشتراک اور ایسے روابط سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔